راولپنڈی اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش، کراچی میں بوندا باندی جبکہ دیگر شہروں میں بادل برسنے کا امکان ہے۔ ملک بھر کے متعدد شہروں میں بادل برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب میں بارش ہوگی۔
محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم گرم رہے گا تاہم شام کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بارکھان میں بھی چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق پوٹھوہار، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ اور گجرات میں بارش ہوگی۔
حافظ آباد، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، سرگودھا اور میانوالی میں بارش متوقع ہے۔ بھکر، لیہ اور ڈیرہ غازی خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔
آج صبح سویرے کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی پھلکی بوندا باندی شروع ہوگئی۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی، ٹھٹھہ اور بدین میں بوندا باندی جاری رہے گی۔
چترال، دیر، سوات، کوہستان، بونیر اور ایبٹ آباد میں بارش کا امکان ہے۔ ،مانسہرہ، مردان، پشاور، کوہاٹ، کرم، بنوں، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بادل برسیں گے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، لاہور اور اسلام آباد میں بارش ہوئی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی میں رواں ماہ کے آغاز میں صبح سویرے بوندا باندی شروع ہوگئی جبکہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی ہلکی پھلکی جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
رواں ماہ 2 اگست کے روز صبح سویرے ملک بھر کے مختلف شہروں بشمول بالائی خیبر پختونخوا، بالائی و وسطی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بارش ہوئی، سب سے زیادہ بارش کے پی کے میں ریکارڈ کی گئی۔
مزید پڑھیں: سندھ میں بوندا باندی، دیگر صوبوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش