پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سونیا حسین نے شرمین عبید چنائے کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ الفاظ کے چناؤ سے ایسا محسوس نہیں ہوتا کہ آپ آسکر ایوارڈ یافتہ ہیں۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں اداکارہ سونیا حسین نے کہا کہ آپ نے سوشل میڈیا پر تمام لوگوں کے سامنے ایک خاتون فنکارہ کو تو عزت اور توقیر دی اور دوسری کو نظروں سے گرا دیا اور آپ میری پرورش پر بھی سوالات اٹھا رہی ہیں؟
معروف اداکارہ سونیا حسین نے شرمین عبید چنائے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران بہت سے لوگوں کو اچھا خاصا فالتو وقت میسر آگیا ہے کہ سیاق و سباق سے ہٹ کر دوسروں کو اپنی ذاتی تنقید کا نشانہ بنائیں اور بے عزت کریں۔
سونیا حسین نے کہا کہ اداکاری کے متعلق آزادئ اظہارِ رائے سے گفتگو کسی بھی طرح ہتک آمیز نہیں ہے۔ اگر مجھ سے پوچھا جاتا کہ اداکارہ ماہرہ خان کی ایسی کون سی فلم ہے جس میں آپ کام کرنا پسند کرتیں تو میں ورنہ کو منتخب کر لیتی۔
فلمساز شرمین عبید چنائے کو مخاطب کرتے ہوئے اداکارہ سونیا حسین نے کہا کہ آپ الفاظ کے چناؤ، طرزِ گفتگو اور رنگ ڈھنگ سے آسکر ایوارڈ یافتہ نظر نہیں آتیں اور آپ کو پتہ ہونا چاہئے کہ میں ماہرہ خان بننے کی کبھی خواہش مند نہیں رہی ہوں۔
انہوں نے شرمین عبید چنائے کے ماہرہ خان سے متعلق تبصرے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ماہرہ اپنی اداکاری کے اعتبار سے ایک شاندار اور قابلِ تعریف فنکارہ ہے اور میں اداکاری کے میدان میں اپنے ہی بنائے ہوئے راستے پر چل رہی ہوں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان کو ماضی میں تنقید کا نشانہ بنانے پر شرمین عبید چنائے خاموش نہ رہ سکیں۔ سن 2018ء میں یاسر حسین کے ٹاک شو میں سونیا حسین سے پوچھا گیا کہ ماہرہ خان کی وہ فلم بتائیے جو انہیں نہیں کرنی چاہئے تھی۔
میزبان یاسر حسین نے اداکارہ سونیا حسین کو 3 فلموں کے نام بتائے جن میں ورنہ، رئیس اور ہو من جہاں شامل تھیں اور کسی ایک کا انتخاب کرنے کا کہا۔ معروف فنکارہ نے کہا کہ مجھے رئیس میں شاہ رخ خان کے ہمراہ معمولی کردار ادا کرنے میں دلچسپی نہیں۔
مزید پڑھیں: ماہرہ پر تنقید، شرمین عبید چنائے نے سونیا حسین کو کھری کھری سنا دیں