کورونا ویکسینیشن لازمی، وزارتِ قومی صحت نے عیدالاضحیٰ کیلئے ہدایات جاری کردیں

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کورونا ویکسینیشن لازمی، وزارتِ قومی صحت نے عیدالاضحیٰ کیلئے ہدایات جاری کردیں
کورونا ویکسینیشن لازمی، وزارتِ قومی صحت نے عیدالاضحیٰ کیلئے ہدایات جاری کردیں

اسلام آباد: وزارتِ قومی صحت نے کورونا ویکسینیشن کو لازمی قرار دیتے ہوئے عیدالاضحیٰ کیلئے ہدایات جاری کردیں، عید نماز کیلئے گھر سے وضو کرکے جانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارتِ قومی صحت نے مویشی منڈیوں میں کورونا کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیشِ نظر مویشیوں کے بیوپاریوں اور خریداروں کیلئے ویکسینیشن لازمی قرار دے دی ہے۔

وزارتِ قومی صحت کا کہنا ہے کہ مویشی منڈیوں سے کورونا کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے۔ ویکسینیشن کا ثبوت نہ دینے والے افراد کو مویشی منڈیوں میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔ عیدالاضحیٰ کیلئے گائیڈ لائنز کے مطابق فیس ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا۔

گائیڈ لائنز کے مطابق مویشی منڈی کے داخلی مقامات پر آنے والوں کا بخار چیک کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کی زیرِ نگرانی مویشی منڈیاں شہری آبادی سے باہر لگائی جائیں۔ بیوپاری مویشی اسٹال پر باقاعدگی سے جراثیم کش اسپرے کرنے کے پابند ہوں گے۔

حکومت نے ہدایت کی ہے کہ شہری عید کی نماز کیلئے وضو گھر سے کرکے نکلیں۔ مساجد کے داخلی مقامات پر تھرمل اسکیننگ کا انتظام کیا جائے جبکہ بیمار اور ضعیف شہریوں اور 15 سال سے کم عمر بچوں کو نمازِ عید کیلئے مسجد آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

کورونا کی روک تھام کیلئے وزارتِ قومی صحت نے مساجد میں نمازِ عید کے دوران واٹر کولر نہ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علمائے کرام نمازِ عید کے خطبات بھی مختصر رکھیں۔ شہری عید نماز کیلئے جائے نماز گھر سے ساتھ لے کر جائیں۔

مساجد کے داخلی اور خارجی راستوں پر سینیٹائزرز رکھے جائیں تاکہ شہری کورونا سے بچاؤ کیلئے ہاتھوں کو صاف رکھ سکیں۔ وزارتِ قومی صحت نے نمازِ عید کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی قرار دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی،مویشی منڈی میں جانوروں کی تعداد 75ہزار سے تجاوز کرگئی

Related Posts