لاہور: ایکسپو سنٹر لاہور میں بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں سے ویکسین لگوانے کے لیے حلف نامے پر دستخط لیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ویکسین سنٹر کے عملے نے ہر شخص سے انگریزی میں حلف نامہ لینا شروع کردیا۔ حلف نامے میں لکھا گیا ہے کہ اگر کسی شخص کو کوئی ری ایکشن ہوا تو اس کا ذمے دار وہ شخص خود ہو گا جو ویکسین کی خوراک لے رہا ہے، طبی عملہ، محکمہ صحت اور حکومت نہیں ہوگی۔
حلف نامہ 40 سال اور اس سے کم عمر کے افراد سے لیا جارہا ہے۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ جو لوگ پڑھے لکھے نہیں ان سے دستخط کی بجائے حلف نامے پر انگوٹھے لگوائے جارہے ہیں۔
دوسری جانب ویکسین لگوانے افراد نے اس حلف نامے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس ویکسین کے مضر اثرات ہیں تو پہلے بتانا چاہیے تھا اور تشہیر کرنی چاہیے تھی۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا تھا کہ ہر شخص اپنی ذمہ داری پر کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائے، ہر ویکسین کے مختلف سائیڈ ایفیکٹس ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کے برائیڈل شوٹ کے سوشل میڈیا پر چرچے