کراچی: محکمہ انسداد تجاوزات کا الہٰ دین پارک اور کشمیر روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، کئی دکانوں و عمارتوں کو مسمار کیا جارہا ہے۔
سپریم کورٹ کے احکامات پر الہٰ دین پارک میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا پانچواں روز ہے۔ محکمہ انسداد تجاوزات کے سینئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی نے اس حوالے سے بتایاکہ مشینری کے ذریعے شاپنگ مال اور پولین کلب کو مسمار کیا جارہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، رینجرز، ڈسٹرکٹ پولیس اینٹی اینکروچمنٹ پولیس اور دیگر اداروں کی معاونت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ الہٰ دین پارک میں قائم شاپنگ مال، پولین اینڈ کلب اور فوڈ کمپلیکس کی مسماری کا آغاز کیا گیا تھا۔ شاپنگ مال کی 50 دکانوں کو مسمار کردیا گیا ہے۔ پولین اینڈ کلب کا مرکزی گیٹ سیکورٹی چوکی دیواریں اور فوڈ کمپلیکس کی 10 دکانوں کو مسمار کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پولین کلب کی مین بلڈنگ کا کچھ حصہ مختلف قسم کے ہٹ بھی مسمار کئے جارہے ہیں۔ غیر قانونی تعمیرات کی مکمل مسماری میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔
دوسری طرف کے ڈی اے آفیسرز کلب کشمیر روڈ پر بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ کلب میں قائم شادی ہال کچن پلے لینڈ، 5 بنے ہوئے کیٹرین کے گودام اور دو عمارتوں کی پہلی منزلیں مسمار کر دی گئیں ہیں۔ کے ڈی اے آفیسرز کلب کی دو عمارتوں کے گرائونڈ فلور کو مسمار کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے اقلیتی ایم این اے کے ڈرائیور نے مبینہ طور پرخودکشی کرلی