ہری پور: پولیس نے نوری آبشار پر آنے والے سیاحوں کو لوٹنے والا گروہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ واردات میں استعمال ہونے والے موٹر سائیکل، اسلحہ اور لوٹی گئی رقم مبلغ 40 ہزار روپے برآمد کرلی گئی۔
نوری آبشار پر روالپنڈی سے سیر و تفریح کے لئے آئی ہوئی فیملی کو تھانہ مکھنیال کی حدود ٹیال روڈ پر روک کر اسلحہ کی نوک پر لوٹنے اور جبری پُل پر مرغیوں کی سوزوکی کو اسلحہ کی نوک پر رُوکنے کے 2 واقعات رونما ہوئے جس پر مدعیاں کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے۔
واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او ہری پور کاشف ذوالفقار نے ڈی ایس پی خانپور ابرار خان، ایس ایچ او تھانہ مکھنیال راجہ ممتاز ترک اور تفتیشی افسران کو مقدمات میں ملزمان کو گرفتار کرنے اور سیاحوں سے لوٹی گئی رقم و دیگر اشیاء کی برآمدگی کے احکامات جاری کئے تھے۔
ایس ایچ او اور انچارج شعبہ تفتیش تھانہ مکھنیال نے ملزمان کی گرفتاری اور مال مسروقہ کی برآمدگی کے لئے جدید سائنسی و تکینکی بنیادوں اور اپنے ذرائع کی معلومات کی بنیاد پر عادی جرائم پیشہ افراد اور مشتبہ گان کو بھی تھانہ میں لاکر تفتیش کیا۔
پولیس کے مطابق دوران تفتیش طیب ارشد ولد محمد ارشد سکنہ کرہکی نے اپنے دیگر ساتھیوں محمد نواز ولد اکبرخان، رحمان ولد محمد جان اور محسن ولد حکمداد ساکنان کرہکی کے وارداتوں کا انکشاف کیا۔ ملزم طیب ارشد کی نشاندہی پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے دیگر ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان کے قبضہ چھیننی گئی رقم مبلغ 40 ہزار روپے اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ 02 عدد پستول اور 02 موٹر سائیکل برآمد ہوئے۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایف پی سی سی آئی کا سکھر سمیت اندرون سندھ کسٹمزایڈجوڈیکیشن اسٹیشنز قائم کرنے کا مطالبہ