پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے 24ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو بیٹنگ کی دعوت دے دی۔ کراچی کنگز کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 20 اوورز میں صرف 108 رنز بنا سکی۔
دوسری جانب پشاور زلمی کی ٹیم کراچی کنگز کا 109 رنز کا ہدف 11ویں اوور میں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ حضرت اللہ زازئی کی بیٹنگ نے پشاور زلمی کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
کراچی کنگز کی طرف سے عباس آفریدی نے 18 گیندوں پر سب سے زیادہ 27 رنز بنائے۔ شرجیل خان 24 گیندوں پر 25 جبکہ کپتان عماد وسیم 31 گیندوں پر صرف 19 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکے۔
دوسری جانب پشاور زلمی کے اوپنر حضرت اللہ زازئی نے سب سے زیادہ 63 رنز صرف 26 گیندیں کھیل کر بنا ڈالے۔ حیدر علی 16 جبکہ کامران اکمل صرف 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
سپر لیگ کا یہ میچ گزشتہ شب شیخ زاید اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔میچ کے اختتام پر پشاور زلمی کی صرف 4 وکٹیں گریں۔کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن اپ وہاب ریاض اور ابرار احمد کے سامنے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی۔
وہاب ریاض اور ابرار احمد نے کراچی کنگز کے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ثمین گل نے بھی 2 وکٹیں لے کرا پشاور زلمی کی جیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ حضرت اللہ زازئی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 18 رنز سے شکست دے دی۔
پی ایس ایل 6کے 23 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 158 رنز بنا کر جیت کے لیے 159 رنز کا ہدف دیا تھا۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں لاہور قلندرز کو 18 رنز سے شکست