کراچی: حکومت نے ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کیلئے کورونا ویکسین لگوانا لازمی قرار دے دیا ہے، ویکسین نہ لگوانے والوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری نہیں کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق آج وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ وزیرِ اعلیٰ نے صوبے بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کو کورونا ویکسینیشن سے مشروط کرنے کی ہدایت کردی۔
کورونا پر صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہفتے میں 2 دن کی بجائے این سی او سی کے مطابق کاروبار صرف ایک روز بند کیا جائے۔صرف اتوار کے روز کاروبار بند رکھا جائے۔
ایکسپو سینٹر پر بغیر ویکسین سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے متعلقہ حکام کو جعلی سرٹیفکیشن پر سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے خلاف جاری کسی کام میں کرپشن یا نااہلی برداشت نہیں کریں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کیلئے کورونا ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا جائے۔صوبائی حکومت کے فیصلے کے تحت جو لوگ ویکسین نہیں لگواتے، انہیں لائسنس جاری نہیں کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کورونا ویکسین لگوانے سے انکار پر مزید 11 پولیس اہلکار معطل کر کے ان کی تنخواہیں روک دی گئیں۔ڈی پی او آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انکار پر 11 پولیس اہلکاروں کو معطلی کے ساتھ تنخواہیں بند کرنے کا بھی حکم جاری کردیا گیا۔
قبل ازیں 12 جون کے روزبھی 6لیڈی پولیس اہلکاروں کو کورونا ویکسی نیشن سے انکار پر معطل کیا گیا تھا تاہم لیڈی اہلکاروں کی جانب سے ویکسی نیشن کرانے کے بعد انہیں بحال کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: کورونا ویکسین سے انکار پر11 پولیس اہلکار معطل،تنخواہیں روک دی گئیں