اسلام آباد: خواجہ سرا رانی خان کا کہنا ہے کہ برائی کے راستے کو چھوڑ کر اللہ سے لو لگا لی ہے، جو جمع پونچی تھی اس سے مدرسہ بنا کر ٹرانس جینڈرز کو دین کی تعلیم دی جاتی ہے۔
سیکٹر ایف الیون میں خواجہ سرا رانی خان نے ڈانس اور بھیک مانگنا چھوڑ کر دین کی تبلیغ شروع کردی ہے۔ اپنی مدد آپ کے تحت تین شیلٹر ہومز بنائے ہیں اور مدرسہ جہاں ٹرانس جینڈر کو دینی تعلیم دی جاتی ہے۔
ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سرا رانی خان نے بتایا کہ مجھے چھوٹی عمر میں ہی گھر سے دھتکار دیا تھا میں بے راہ روی کا شکار ہو گئی تقریبا 20 سال ڈانس کیا بھیک مانگی غلط کام کیے میرے ساتھ میری سہیلی جو اب اس دنیا میں نہیں رہیں ہمیں اکٹھے ہی گھروں سے نکالا گیا تھا۔ کافی عرصہ ہم نے اکٹھے کام کیا وہ مسلمان تو تھی لیکن اسے کلمہ پڑھنا نہیں آتا تھا۔ ایک رات وہ خواب میں آئی میں دیکھا کہ وہ پریشان اور بدحال تھی تو اس نے مجھے بتایا کہ اللہ تعالیٰ کی راہ میں چلنے میں بھلائی و بخشش ہے۔ دین محمد اختیار کرو اور میرے لئے دعا کرو مجھے اس رات نیند نہیں آئی اور میں نے فوراً ارادہ کر لیا اور سارے غلط کام چھوڑ دیے۔
رانی خان کا کہنا تھا کہ میں نے وضو کر کے دو رکعت نماز تہجد پڑھنی شروع کی اور قرآن پاک کی تعلیمات حاصل کی آہستہ آہستہ زندگی میں سکون محسوس ہونا شروع ہوا میں نے 20 سال میں جو پیسے جمع کیے تھے اس کے 3 شیلٹر ہومز بنائے ہیں اور ایک مدرسہ بنایا میرے اس مدرسے میں 84 ٹرانس جینڈر ہیں جو دینی تعلیم حاصل کرتے ہیں یہاں ان کو سلائی کڑھائی اور دیگر ہنر سکھائے جاتے ہیں۔ اب تک 3 ٹرانس جینڈر کو جاب دلوائی ہے جن میں ایک وفا خان ہے جو اسلام آباد آئی سی ٹی میں انٹرنیشنل لائسنس برانچ میں جاب کر رہی ہے اور بہت خوش ہے۔
آئی سی ٹی میں جاب کرنے والی وفا خان کا ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتانا تھا کہ میں پہلے ڈانس کرتی تھی مختلف پارٹیوں میں جاتی تھی پھر میری ملاقات رانی خان سے ہوئی۔ ان سے ملنے کے بعد میں ڈانس کرنا چھوڑ دیا میری تعلیم میٹرک ہے اب میں جاب کرتی ہوں باعزت طریقے سے رزی کما رہی ہوں قران پاک کی تعلیم حاصل کر رہی ہو بہت خوش ہوں، کہ اب ہماری کمیونٹی کی مشکلات کم ہوتی جا رہی ہیں۔ اللہ تعالی نے ہمیں صحیح راستہ دکھا دیا ہے۔ میں اللہ تعالیٰ اور رانی خان کی شکرگزار ہوں کہ گندے کاموں سے میری جان چھڑا دی۔
آخر میں رانی خان کا کہنا تھا کہ حکومت اگر ہمیں مدرسہ کی زمین فراہم کر دے تو مزید ٹرانس جینڈر کا بھلا ہو جائے گا کیونکہ ہمارے شیلٹر ہومز اور مدرسہ کرایے پر لیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوانوں کو تمباکو نوشی سے بچانا ہمارا مشن ہے، ڈائریکٹر ایکسائز بلال اعظم