وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دریائے سواں کے کنارے کاک پل کے مقام پر 2 آئل ٹینکرز کے تصادم کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے بڑے پیمانے پر آتشزدگی اور ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح کے وقت 2 آئل ٹینکرز آپس میں ٹکرا کر الٹ گئے۔ جس سے آگ لگ گئی اور دھویں کے بادل فضا میں دور دور تک پھیل گئے۔ آگ نے جائے حادثہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ زیادہ ہونے کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ فائر فائٹرز کی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں جو آگ بجھانے کے کام میں مصروف ہیں۔ مزید فائر فائٹرز کو جائے حادثہ پر طلب کر لیا گیا ہے۔
قریبی علاقوں میں ٹریفک کو روک دیا گیا۔ حادثے سے متاثرہ سڑک کو دونوں جانب سے بند کردیا گیا ہے تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو مزید کسی ممکنہ حادثے سے بچایا جاسکے۔
عینی شاہدین کے بیان کے مطابق دونوں ٹینکرز کے مابین حادثہ تیزرفتاری اور غیر پیشہ ورانہ غفلت کے باعث پیش آیا کیونکہ آئل سے بھرے ہوئے دونوں ٹینکرز کے ڈرائیورز آپس میں ریس لگا رہے تھے جس کے دوران تصادم ہوا۔
بیان کے مطابق آپس میں ٹکرانے کے بعد دونوں ٹینکرز پل کے نیچے گر گئے جنہیں آگ لگ گئی جو اتنی تیز تھی کہ اس کے نتیجے میں دھماکہ ہوا۔ قرب و جوار کے علاقے میں دھویں کے بادل پھیل گئے۔
واقعے کے نتیجے میں دونوں آئل ٹینکرز کے ڈرائیورز معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے۔ تاحال آئل ٹینکرز کے تصادم کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل سندھ میں نیشنل ہائی وے پر بس اور وین کے مابین خوفناک تصادم کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہو گئے۔
یہ افسوسناک واقعہ 2 ماہ قبل 21 اپریل کے روز خیرپور کے قریب اولڈ نیشنل ہائی وے پر پیش آیا جہاں بس اور وین کی ٹکر کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
مزید پڑھیں: نیشنل ہائی وے پر بس اور وین کا تصادم، 12 افراد جاں بحق