کراچی میں اے وی ایل سی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے 5 موٹر سائیکلز برآمد کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق اے وی ایل سی پولیس کی موٹر سائیکل لفٹرز کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔تازہ ترین کارروائی میں 6 موٹر سائیکل لفٹرز گرفتار جبکہ 5 چوری کی گئی موٹر سائیکلیں برآمد کر لی گئیں۔
ایس ایس پی عارف اسلم راؤ کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے ملزمان میں (1) راحیل (2) لکھ میر(3) شیراز (4) ارسلان (5) ابو عالم اور (6) اعجاز شامل ہیں جو عادی جرائم پیشہ اور موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔
عارف اسلم راؤ نے کہا کہ نشے کے عادی ملزمان موٹر سائیکلز چوری کرکے ان کے عوض نشہ حاصل کرتے تھے۔ ملزمان سے 5 موٹر سائیکلز برآمد ہوئیں جن کی چوری کے مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان نے چوری کی متعدد وارداتوں کے دوران کراچی کے شہریوں کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے۔ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری اور مزید برآمدگی کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 ڈاکو زخمی ہو گئے جو شہریوں کو لوٹ رہے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔
شہرِ قائد کے علاقے فیروزآباد میں 3 روز قبل پولیس کی فائرنگ سے 2 ڈاکو زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ زخمی ملزمان نے شہری سے موٹر سائیکل چھینی جس پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی۔
مزید پڑھیں: کراچی، مبینہ پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، موٹر سائیکل برآمد