کراچی کے تمام ریسٹورنٹس کو آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے سندھ حکومت نے کاروباری اوقاتِ کار شام 6 بجے تک کردئیے تھے اور آؤٹ ڈور کی بجائے 24 گھنٹے صرف ٹیک اوے پر اکتفا کرنے کی ہدایت کی جس پر کاروباری برادری کو تحفظات تھے۔
باوثوق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ حکومت کراچی میں آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت دینے کا فیصلہ کرچکی ہے جس کے حوالے سے وزیرِ تعلیم و محنت سندھ سعید غنی اور صدر ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے مابین ملاقات ہوچکی ہے۔
رات گئے ہونے والی ملاقات کے دوران صدر ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن اطہر سلطان چاؤلہ اور صوبائی وزیر سعید غنی کے مابین آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت دینے کے معاملے پر گفتگو ہوئی۔ اس دوران چیئرمین بزنس گروپ زبیر موتی والا بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹس ملازمین کی ویکسینیشن کرائیں گے، جس پر سندھ حکومت نے ریسٹورنٹس کو آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت دینے کا عندیہ دے دیا۔ تاجر برادری نے ریسٹورنٹس کو مکمل طور پر جلد کھولنے کی یقین دہانی کا خیر مقدم کیا ہے۔
قبل ازیں سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی روک تھام کیلئے شام 6 بجے کے بعد تمام تر خریدوفروخت پر مکمل پابندی عائد کردی تھی۔
سندھ حکومت نے صوبے بھر میں مارکیٹس مکمل بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ محکمۂ داخلہ سندھ نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
محکمۂ داخلہ سندھ کے حال ہی میں جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں کاروبار، مارکیٹس اور شاپنگ مالز کو شام 6 بجے بند کرنا ہوگا۔ دکانوں میں گنجائش سے 50 فیصد گاہکوں کی اجازت ہوگی۔
مزید پڑھیں: کورونا کا خوف، شام 6بجے کے بعد خریدوفروخت پر پابندی عائد