پشاور: خیبرپختون خوا اسمبلی میں اتوار کے بجائے ہفتہ وار سرکاری تعطیل جمعے کو دینے کی قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ قرار داد جماعت اسلامی کی رکن اسمبلی نے پیش کی۔
مطابق منگل کے روز خیبرپختون خوا اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی نے جمعے کی چھٹی بحال کرنے کی قرار داد پیش کی۔
ہفتہ وار تعطیل کے دن کی تبدیلی کے حوالے سے قرار داد جماعت اسلامی کی خاتون رکن حمیرا خاتون اور سراج الدین خان نے پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملک میں اتوار کے بجائے جمعہ کو ہفتہ وار سرکاری تعطیل کے طور پر بحال کیا جائے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ’کرونا کی وجہ سے اس وقت عملاً بازاروں، مارکیٹوں، نجی اداروں میں 2 دن تعطیل ہوتی ہے، سرکاری دفاتر میں جمعہ کے روز دوپہر 12 بجے تک کام اور پھر ملازمین گھروں کو چلے جاتے ہیں‘۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حمیرا خاتون کا کہنا تھا کہ ’جمعے کو چھٹی نہ ہونے سے دو دنوں کا نقصان ہوتا ہے جبکہ دو چھٹیوں سے کاروبار، معیشت، سرکاری امور بھی سست روی کا شکار ہیں‘۔
ایوان نے قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کیا جبکہ اراکین کی تعداد پوری نہ ہونے پر اسپیکر اسمبلی نے اجلاس بدھ (کل) تک ملتوی کردیا۔
یہ بھی پڑھیں : پی سی بی کا راولپنڈی میں جاری غیرمنظورشدہ ٹورنامنٹ کا نوٹس