لاہور ہائی کورٹ اثاثہ جات کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے خلاف ن لیگی رہنما خواجہ آصف کی درخواستِ ضمانت کی سماعت آج کرے گی جس میں انہیں رہا کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیرِ دفاع خواجہ آصف کی درخواستِ ضمانت کی سماعت لاہور ہائی کورٹ میں ہوگی جہاں 2 رکنی ججز بینچ فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد درخواست پر فیصلہ کرے گا۔
ن لیگی رہنما خواجہ آصف کی درخواستِ ضمانت میں تحریکِ انصاف کی وفاقی حکومت اور قومی احتساب بیورو (نیب) سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، سابق وزیرِ دفاع کا کہنا ہے کہ مجھ پر بنایا گیا کیس من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔
خواجہ آصف کی درخواستِ ضمانت میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نیب نے انکوائری کے شکایت کنندہ کا کوئی ریکارڈ عدالت میں پیش نہیں کیا۔ خواجہ آصف کی ضمانت منظور کی جائے اور انہیں باعزت بری کیا جائے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کی درخواست ضمانت کی سماعت کیلئے 20 اپریل کی تاریخ مقرر کی تھی۔
جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل لاہور ہائی کورٹ کا 2 رکنی بینچ درخواست پر سماعت کرے گا۔ عدالت نے چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب سے جواب طلب کر رکھا ہے۔
مزید پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ میں خواجہ آصف کی درخواست ضمانت سماعت کے لئے مقرر
قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کی درخواستِ ضمانت کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں خواجہ آصف نے ضمانت کیلئے درخواست دی تھی جس کی سماعت گزشتہ ماہ 20 مئی کے روز غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں عدالت کے 2 رکنی بینچ نے درخواستِ ضمانت کی سماعت کرنا تھی۔
مزید پڑھیں: خواجہ آصف کی درخواستِ ضمانت کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی