محکمۂ صحت کے تحت نرسنگ اسٹوڈنٹس سے بلا معاوضہ جبری خدمات لیے جانے کا انکشاف

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

محکمۂ صحت کے تحت نرسنگ اسٹوڈنٹس سے بلا معاوضہ جبری خدمات لیے جانے کا انکشاف

 محکمۂ صحت سندھ کی جانب سے ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم پاکستان کے سب سے بڑے کورونا ویکسینیشن سینٹر میں نرسز سے مبینہ طور پر بلا معاوضہ جبری خدمات لی جارہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق محکمۂ صحت سندھ کی طرف سے نرسنگ اسٹوڈنٹس سے بے گار ڈیوٹی لی جارہی ہے۔ ڈیوٹی نہ کرنے والوں کو محکمے کی طرف سے مبینہ طورپر ڈپلومہ اور سرٹیفکیٹس روکنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ یومیہ یا ماہانہ اعزازیے اور کرائے سمیت اسٹوڈنٹس کو معاوضے کے طور پر کچھ نہیں دیاجاتا۔

باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ 430 کے لگ بھگ نرسنگ اسٹوڈنٹس ایکسپو سینٹر میں 3 مختلف شفٹس میں جبری ڈیوٹی کرنے پر مجبور ہیں۔ ایکسپو سینٹر میں سیکنڈ، تھرڈ اور فورتھ ائیر کے اسٹوڈنٹس میڈی کیئر اور ہولی فیملی نرسنگ اسکولز، سیون ڈے، پٹیل ہسپتال، نیو لائف اور سینٹ جیمز اسکولز آف نرسنگ کے طلباء کی ڈیوٹیاں لگادی گئیں۔

مذکورہ طلباء صبح 7 سے شام 3، شام 3 سے رات 11 اور رات 11سے صبح 7 بجے تک مسلسل بلا معاوضہ ڈیوٹی دینے پر مجبور ہیں۔ ایک شفٹ کے طلباء ہفتہ واری تعطیل کیلئے متبادل کے طور پر موجود ہیں۔ حیرت انگیز طور پر نرسنگ اسٹوڈنٹس میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔ ایک شفٹ میں 120 اسٹوڈنٹس فرائض سرانجام دیتے ہیں۔

متبادل شفٹ کے نرسنگ اسٹوڈنٹس 70 کے لگ بھگ ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں طلباء سے مستقل جبری کام لیا جارہا ہے جس سے ان کی نرسنگ کی تعلیم متاثر ہورہی ہے۔ بعض نرسنگ اسٹوڈنٹس نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کھانے کے اخراجات اور آنے جانے کا کرایہ بھی ہمیں ادا کرنا ہوتا ہے۔ کوئی اعزازیہ بھی نہیں دیا جارہا۔ 

ڈیوٹی دینے والے نرسنگ اسٹوڈنٹس میں محکمۂ صحت کے رویے پر سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ ویکسینیشن سینٹر کی صبح کی شفٹ کے انچارج ڈاکٹر عاطف کا کہنا ہے کہ ہم اسٹوڈنٹس کے بارے میں یہ نہیں جانتے کہ انہیں اعزازیہ دیا جارہا ہے یا نہیں، یہ محکمۂ صحت کے افسران ہی بتا سکتے ہیں۔ نرسنگ اسٹوڈنٹس باقاعدگی سے ڈیوٹی کر رہے ہیں۔

انہوں نے تصدیق کی کہ ایک شفٹ میں 120 نرسنگ اسٹوڈنٹس کام کرتے ہیں جبکہ یومیہ 3 شفٹیں ہوتی ہیں۔ ہمیں ڈیوٹی لینے کا کہا گیا اور ہم ڈیوٹی لے رہے ہیں۔ انتظامی معاملات، آنے جانے کا خرچ، کھانا اور اعزازیہ کے متعلق ہمیں کچھ علم نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعلیٰ نے جامعات پر ڈاکٹر عاصم کی سفارشات رد، نثار کھوڑو کی منظور کر لیں

Related Posts