چترال میں مسافر وین دریا میں گرنے کے باعث 8 افراد ڈوب گئے ہیں جبکہ 2 کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ چترال کے علاقے مستوج کے مقام پر پیش آیا۔ مسافر وین دریائے یارخون میں گری جس میں پانی کے تیز بہاؤ کے باعث 10 مسافر بہہ گئے۔
لاپتہ ہونے والے 10 مسافروں میں سے 2 کو ریسکیو کر لیا گیا جبکہ 8 افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش کیلئے مقامی رضا کاروں اور انتظامیہ کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
حادثہ آج صبح کے وقت دریا کے اوپر قائم پل سے گزرتے ہوئے پیش آیا جب مسافروین چترال کے دریائے یرخون میں جاگری۔ ریسکیو 1122 کے مطابق گاڑی میں 10 مسافر سوار تھے۔
بچائے گئے 2 افراد کو مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کیا جن کی شناخت حاجی ولی اور محمد ارشاد کے نام سے ہوئی۔ باقی ماندہ مسافروں اسرار احمد، مسز شہزاد، اعجاز ولی، سلطان، امید نبی اور دیگر کو بچانے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
قبل ازیں راولپنڈی سے آزاد کشمیر جانے والی مسافر بس مظفر آباد میں گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہوگئے۔
یہ خوفناک حادثہ گزشتہ روز آزاد کشمیر کے دارالحکومت میں ضامن آباد کے علاقے میں پیش آیا۔ مظفر آباد میں کوہالہ کے قریب ڈرائیور تیزرفتار مسافر بس پر قابو نہ رکھ سکا۔
مسافر بس گہری کھائی میں گرنے کے باعث 3 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ حادثے کے نتیجے میں 17 افراد زخمی ہوئے۔ ریسکیو کیے جانے والے زخمیوں میں سے 5 کی حالت تشویشناک تھی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے میتوں اور زخمی افراد کو ہسپتال پہنچانے کا کام شروع کردیا۔ 3 افراد کی میتیں عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز جبکہ 5 کی سی ایم ایچ منتقل کردی گئی ہیں۔
زخمی افراد کو قریبی ہسپتال میں طبی امداد مہیا کی گئی۔ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تفتیش شروع کردی۔ ایسا ہی ایک واقعہ حسن ابدال میں پیش آیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل حسن ابدال میں برہان انٹرچینج کے قریب تیز رفتاری کے باعث بس کھائی میں جاگری، جس کے باعث 15مسافر جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
رواں ماہ 3 مئی کے روز پیش آنے والے حادثے سے قبل مسافر بس مسافروں کو لے کر لاہور سے مردان کی جانب رواں دواں تھی کہ تیز رفتاری کے باعث کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 15مسافر زندگی کی بازی ہار گئے۔
مزید پڑھیں: برہان انٹرچینج کے قریب بس کھائی میں گرنے سے 15مسافر جاں بحق