دبئی: کورونا وبا کی انتہائی خراب صورتحال اور سخت فضائی پابندیوں کے باعث ممبئی سے آنے والی پرواز صرف ایک مسافر سوار کرکے دبئی پہنچ گئی۔
انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ ایمریٹس ایئرلائن کے بوئنگ طیارے 777 میں یوں تو گنجائش 200 سے 350 مسافروں کی ہوتی ہے لیکن حیران کن طور پر اس پرواز میں صرف ایک مسافر چارٹر طیارے کا مزہ لیتے ہوئے ممبئی سے دبئی پہنچا۔
واضح رہے کہ دبئی متحدہ عرب امارات نے ہندوستان میں کورونا کی تازہ خطرناک لہر کے باعث بھارت سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کردی تھی۔
جہاز اُڑنے سے قبل طیارے کے پائلٹ نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس طیارے میں واحد مسافر ہیں اور یہ طیارہ صرف آپ کے لیے اُڑان بھر رہا ہے۔
طیارے میں صرف ایک مسافر کی موجودگی سے متعلق ایئرلائن کمپنی کی جانب سے کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے تاہم سوشل میڈیا پر صارفین نے طیارے کے واحد مسافر کو چارٹر طیارے کا مزہ لینے پر مبارک باد دی اور بعض افراد نے تنقید بھی کی کہ ایک مسافر کو لے جانے کا کیا جواز تھا۔