ملک کے معروف گلوکار اور سابق اسٹرنگز بینڈ کے رکن بلال مقصود نے ریڈیو اسٹیشنز سے درخواست کی ہے کہ ہارن اور گاڑیوں کی آوازیں نشر نہ کریں۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں معروف گلوکار بلال مقصود نے کہا کہ میری ملک بھر کے ایف ایم اسٹیشنز سے درخواست ہے کہ کاروں کے چرچرانے اور ہارنز کی آوازیں اپنے اشتہارات میں استعمال نہ کریں۔
پیغام میں گلوکار بلال مقصود نے کہا کہ اپنے اشتہارات اور دیگر تشہیری مواد میں گمراہ کن صوتی اثرات کے استعمال سے گریز کریں کیونکہ گاڑیوں سے متعلق آوازیں سڑک پر حقیقی حادثات کا سبب بن سکتی ہیں۔
بلال مقصود کے عوامی فلاح و بہبود کیلئے شیئر کیے گئے پیغام پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی انہیں بے حد سراہا۔ عوام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس مسئلے کی پروا کوئی نہیں کرتا لیکن معروف گلوکار نے بہت اچھی بات کی۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ بلال مقصود کی بات سے اتفاق ہے۔ خود ہم بھی گاڑیوں کے ہارن اور دیگر گمراہ کن صوتی اثرات کے باعث حادثات سے بال بال بچے۔ ہم خود اکثر ایسی آوازیں نشر کیے جانے کے خلاف آوازاٹھانا چاہتے تھے۔
بولو بولو، تتلیاں اور یہ ہے میری کہانی سمیت متعدد گیت گا کر مداحوں سے داد سمیٹنے والے 50سالہ گلوکار بلال مقصود اکثر سوشل میڈیا پر متحرک رہتے ہیں اور مداحوں سے مختلف موضوعات پر گفتگو کرتے ہیں۔
معروف گلوکار نے 3 روز قبل اپنے مداحوں کو یہ بھی بتایا کہ ان کی عید کیسی گزری۔ ایک تخلیقی فن پارے پر ہاتھ رکھ کر چشمہ پہنے ہوئے بلال مقصود نے مداحوں کو بتایا کہ انہوں نے عید بہت اچھے طریقے سے گزاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان کاشیریں مزاری سے مسیحی آبادی پر حملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ