واشنگٹن: امریکی گلوکارہ ایریانا گرینڈی نے مبینہ طور پر رئیل اسٹیٹ ایجنٹ ڈالٹن گومز سے شادی کرلی ہے جبکہ شادی کی تقریب گلوکارہ کے گھر پر منعقد ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی گلوکارہ کی شادی کی تقریب میں 20 سے بھی کم افراد شریک ہوئے۔ ایریانا گرینڈی نے کہا کہ ہمارا چھوٹا سا کمرہ خوشی سے بھر گیا۔ ہم اس سے زیادہ خوش کبھی نہیں ہوئے تھے۔
باوثوق ذرائع کے حوالے سے پیش کی جانے والی ایک میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ڈالٹن گومز اور ایریانا گرینڈی نے شادی کیلئے ایک تاریخی گھر کا انتخاب اس لیے کیا کیونکہ وہاں اوپرا ونفرے، برطانوی شہزادہ ہیری اور شہزادی میگھن مارکل بھی رہ چکے ہیں۔
گزشتہ برس کے آغاز سے ہی ایریانا گرینڈی اور ڈالٹن کے مابین ملاقاتوں اور رازونیاز کا سلسلہ شروع ہوا جس کے بعد دونوں نے اسٹک ودھ یو نامی میوزک ویڈیو سے اپنی پہلی تخلیق مداحوں کیلئے پیش کی۔ بنیادی طور پر ڈالٹن گومز کا تعلق رئیل اسٹیٹ سے ہے۔
دسمبر 2020ء میں ڈالٹن گومز نے امریکی گلوکارہ ایریانا گرینڈی کو ہیرے کی انگوٹھی کے ساتھ شادی کی تجویز پیش کی۔ قبل ازیں ایریانا گرینڈی 2018ء میں کامیڈین پیٹ ڈیوڈ سن کے ساتھ نظر آئی تھیں لیکن بعد میں دونوں کی راہیں جدا ہوگئیں۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی اداکارہ ایما واٹسن نے منگنی کی خبر کو بے بنیاد افواہ قرار دے دیا