اسلام آباد: پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچیئن ٹرنر نے مارگلہ ہلز کے سر سبز علاقے سے صبح کی واک کے دوران دو تھیلے کچرا اُٹھایا اور سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کردیں ہیں۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچیئن ٹرنر سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر کافی متحرک رہتے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان کی ایک ٹوئٹ کا خوب چرچا ہورہا جس پر پاکستانی صارفین نے شرمندگی کا اظہار بھی کیا اور کرسچیئن ٹرنر کے جذبے کو خراج تحسین بھی پیش کیا ہے۔
Another #FridayMorningWalk, another two bags of litter. Safaai nisf imaan hai cc @dcislamabad @hamzashafqaat @CleanGreenPK pic.twitter.com/JknF3go0Hy
— Christian Turner (@CTurnerFCDO) May 7, 2021
برطانوی ہائی کمشنر کرسچیئن ٹرنر نے مرگلہ جیسے صحت افزا مقام پر معمول کی واک کے دوران شہریوں کی جانب سے پھینکا گیا کچرا دیکھا تو انہوں نے اپنے مرتبے کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وہ کچرا دو بڑے تھیلوں میں بھرا اور ٹھکانے لگادیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرسچیئن ٹرنر نے تصاویر شیئر کیں جس میں وہ کچرے کے بڑے تھیلے اُٹھائے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کیپشن میں لکھا کہ ایک بار پھر جمعے کی صبح کی چہل قدمی اور ایک بار پھر کچرے کے تھیلے۔ صفائی نصف ایمان ہے۔
Meals are for sharing not littering. Two bags of rubbish collected on Margallas #FridayMorningWalk – please help keep beautiful Islamabad clean cc @hamzashafqaat @dcislamabad @CleanGreenPK pic.twitter.com/jHcvUWxO1c
— Christian Turner (@CTurnerFCDO) April 30, 2021
برطانوی ہائی کمشنر رمضان کے ماہ میں جہاں یہ یاد دلایا کہ صفائی نصف ایمان ہے وہیں اس ٹوئٹ میں انہوں نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور وزیر اعظم کے پروگرام کلین گرین پاکستان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بھی مینشن کیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ جمعے 30 اپریل کو بھی برطانوی ہائی کمشنر نے مارگلہ کی پہاڑیوں سے کچرے کے دو بڑے تھیلے جمع کیے تھے۔ اُس ٹوئٹ میں بھی انہوں نے لوگوں سے اسلام آباد کو صاف اور خوبصورت رکھنے کی اپیل کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : ن لیگ کے صدر شہباز شریف کل صبح لاہور سے دوحہ کے لیے روانہ ہوں گے