اسلام آباد: پاکستان کے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن کی پابندیاں سخت کردی گئیں، شہریوں کو 8 مئی سے بلا ضرورت آمدورفت اور سیر و سیاحت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کے باعث پاکستانی شہریوں کی عید کی خوشیاں ماند پڑ گئیں، 8 مئی سے لاہور، راولپنڈی اور ملتان سمیت صوبہ پنجاب کے تمام شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔
پنجاب بھر میں شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کی جائیں گی جہاں پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے جوان تعینات ہوں گے۔ ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ اور سیاحتی مقامات بند رہیں گے۔
صوبہ سندھ میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔ 8 مئی سے صوبے بھر میں سیر و سیاحت پر پابندی عائد ہوگی۔ کراچی کے شہری ساحل تک بھی نہیں جاسکیں گے۔ سندھ بھر کے سیاحتی مقامات بند رہیں گے۔
کینچھر جھیل، مکلی، گورکھ ہل اسٹیشن اورموہنجو ڈارو سمیت تمام سیاحتی مقامات پر سیر و تفریح کی اجازت نہیں دی جائے گی۔لاک ڈاؤن کی پابندیاں 8 سے 15 مئی تک نافذ العمل رہیں گی۔
خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں بھی 8 سے 16 مئی تک لاک ڈاؤن نافذ ہوگا۔ ہوٹل اور ریسٹورنٹس بند رہیں گے۔ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ اور سیاحتی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پی پی 84 کا ضمنی انتخاب، خوشاب میں ن لیگ کے امیدوار نے میدان مار لیا