اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپوزیشن رہنماؤں کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے معائنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کیلئے متفقہ لائحۂ عمل تشکیل دینا وقت کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ایوانِ صدر یا پارلیمنٹ میں آ کر عید الفطر کے فوری بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر معلومات حاصل کریں۔
گفتگو کے دوران صدرِ مملکت نے کہا کہ ایک بار بریفنگ اور معلومات حاصل ہوجانے کے بعد اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کا جواب دیا جاسکتا ہے۔ مشینیں استعمال کی جائیں یا نہیں، یہ فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنا ہوگا۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ تمام جماعتیں مل بیٹھ کر الیکشن کے دوران جدید طریقۂ کار کے استعمال پر گفتگو کریں تاہم بیلٹ کا فرسودہ طریقۂ کار ووٹنگ مشینوں کے استعمال سے مکمل طور پر ختم نہیں ہوگا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ایک ووٹر اپنی مرضی کے امیدوار کو ووٹ دینے کیلئے ووٹنگ مشین کا ایک بٹن دباتا ہے جس سے اس کا ووٹ نہ صرف گن لیا جاتا ہے بلکہ بیلٹ پر شائع بھی ہوجاتا ہے اور پھر ووٹ سربمہر بیلٹ باکس میں گر جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے الیکٹرانک نظام کے تحت ووٹوں کی الیکٹرانک اور دستی طریقۂ کار دونوں کے تحت گنتی کی جائے گی۔ نئے الیکٹرانک نظام میں پرانے بیلٹ سسٹم کے طریقۂ کار کو بھی زندہ رکھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کا بجلی مہنگی کرنے کا مطالبہ بلا جواز ہے، شوکت ترین