کراچی میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کی روک تھام کیلئے آج سے مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے جس کے دوران غیر ضروری نقل و حمل پر پابندی عائد کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔ سندھ حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت لاک ڈاؤن یکم سے 15 مئی تک نافذ العمل ہوگا۔
شہرِ قائد کے ضلع وسطی میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بغیر ماسک پہنے کسی بھی شخص کو ایک جگہ سے دوسری جگہ آمدورفت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن سے متاثرہ علاقوں میں کریانہ اور میڈیکل اسٹورز ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ کھلے رہیں گے۔ عوام کو سماجی فاصلے اور ماسک پہننے سمیت دیگر ایس او پیز کی سختی سے پابندی کرنا ہوگی۔
مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متاثرہ علاقوں میں گلبرگ، لیاقت آباد، نارتھ کراچی اور نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقے شامل ہیں جہاں اشیائے ضروریہ کے علاوہ ہر قسم کی کاروباری سرگرمیوں پر پابندی عائد ہے۔
کورونا کیسز کی روک تھام کیلئے نافذ لاک ڈاؤن سے متاثرہ علاقوں میں تمام کاروباری یونٹس بند رہیں گے۔ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور ہر قسم کے سیاسی و سماجی اور مذہبی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے نافذ العمل ایس او پیز کی خلاف ورزی پر صدر کی موبائل مارکیٹ سیل کردی گئی۔
گزشتہ روز کراچی کے علاقے صدر میں واقع موبائل مارکیٹ کو کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مکمل طور پر سیل کردیا گیا۔ شہری انتظامیہ صدر الیکٹرانک مارکیٹ پہنچ گئی۔
مزید پڑھیں: ایس او پیز کی خلاف ورزی، صدرکی موبائل مارکیٹ سیل کردی گئی