اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے ہدایت کی ہے کہ رمضان سستا بازاروں میں عوام کو مکمل ریلیف فراہم کیا جائے،صوبائی حکومتیں رمضان بازاروں میں سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں۔
وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء، مشیروں اور معاونین سمیت صوبائی چیف سیکرٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی،اجلاس میں ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں کے رجحان کا جائزہ لیا گیا۔
سیکرٹری خزانہ نے نیشنل پرائس کمیٹی کو مہنگائی کے رجحان پر بریفنگ دی۔اجلاس میں آٹا، گھی، چینی، چکن، انڈوں، اور سبزیوں کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری خزانہ نے کہاکہ اشیائے ضروریہ میں سے 13 کی قیمتوں میں کمی اور 26 میں استحکام رہا۔
گذشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.40 فیصد کمی واقع ہوئی، گذشتہ ہفتے ٹماٹر، پیاز، چینی، آلو اور چکن کی قیمتیں کم ہوئیں۔ ادارہ شماریات نے ڈیٹا اکٹھا کرنے کے طریق کار سے متعلق وزیر خزانہ کو بریفنگ دی۔
وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ اعداوشمار سے حقیقی صورتحال واضح ہونی چاہیے۔ اجلاس کے دور ان صوبائی حکومتوں کی رمضان سہولت بازاروں کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ رمضان سستا بازاروں میں عوام کو مکمل ریلیف فراہم کیا جائے، صوبائی حکومتیں رمضان بازاروں میں سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں۔
ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز نے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر خزانہ نے ہدایت کی کہ رمضان میں اشیائے ضروریہ کی طے شدہ نرخوں پر وافر دستیابی یقینی بنائی جائے، اشیائے ضروریہ کے ذخائر، مارکیٹ میں فراہمی اور صارفین کے مفادات کو یقینی بنایا جائے