ہرارے: تیسرا اور سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے زمبابوے کو 24 رنز سے ہرا کے سیریز اپنے نام کرلی ہے۔ پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لئے 166 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جواب میں زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنا پائی۔
زمبابونے نے پاکستان کے 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز بہتر انداز سے کیا تھا اس کی پہلی وکٹ 37 کے اسکور پر گری تھی ۔ دوسری وکٹ 102 رنز پر گری جب ٹی مارومانی 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ تیسری وکٹ 109 کے مجموعی اسکور پر گری ۔ تاہم یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے سے زمبابوے کی ٹیم ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں صرف 141 رنز بنا پائی۔
اس سےقبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 165 رنز اسکور بنائے تھے اور زمبابوے کو جیت کے لئے 166 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے شرجیل خان اور ممحد رضوان سے کھیل کی ابتداء کی۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 35 رنز پرگری تھی جب شرجیل خان 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان بابر اعظم تھے جنہوں نے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔
بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کےبعد فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے ۔ محمد رضوان نے شاندار کھیل کھیلتے ہوئے 91 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئیں ہیں ۔ قومی کرکٹ ٹیم کے پلیئنگ الیون میں سرفراز احمد، شرجیل خان اور حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں پاکستان اور زمبابوے کی ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں جبکہ آج تیسرا اور فائنل میچ ہے۔
ٹاس کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کےکپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں آصف علی ، دانش عزیز اور ارشد اقبال کو ڈراپ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں اچھا پرفارم کرکے سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔ بابراعظم کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند ہے تاہم ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ: پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لئے 166 رنز کا ہدف دےدیا