کراچی کے علاقے بولٹن مارکیٹ میں کسٹم حکام کی مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے جس پر دکاندار سراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق رات گئے بولٹن مارکیٹ میں کسٹم حکام اور تاجروں کے مابین تصادم کے نتیجے میں 2 تاجروں سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری امن وامان کنٹرول کرنے کیلئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق بولٹن مارکیٹ میں کسٹم حکام نے گودام پر چھاپہ مارا اور اسمگل شدہ اشیاء کی تلاش کیلئے دکانوں کے تالے کاٹ دئیے۔ اس دوران کسٹم حکام کی مبینہ فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوئے۔
واقعے کے خلاف بولٹن مارکیٹ کے دکاندار سراپا احتجاج ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کسٹمز حکام نے کارروائی سے قبل کھارادر تھانے کو آگاہ نہیں کیا۔ تاحال اس حوالے سے محکمۂ کسٹمز کا مؤقف سامنے نہیں آیا۔
شہرِ قائد کے علاقے بلدیہ نمبر 4 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے تلاشی کیلئے روکنے پر فائرنگ کی، فائرنگ کے تبادلے میں 3 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی، ڈکیتی میں مزاحمت پر بچوں کے سامنے باپ کو قتل کرنے والا گروہ گرفتار