کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز ایک مرتبہ پھر اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا اور 100 انڈیکس 75 اعشاریہ 45 پوائنٹس اضافے کے بعد 45 ہزار 305 اعشاریہ 63 پوائنٹس پر بند ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا۔ وفاقی کابینہ میں تبدیلی اور ملک میں جاری احتجاج کی وجہ سے سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط رویہ دیکھنے میں آیا ۔
رواں ہفتے کے آخری ایک موقع پر اسٹاک مارکیٹ 45 ہزار 471 اعشاریہ 35 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گئی تھی، تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی اور 100 انڈیکس 75 اعشاریہ 45 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 45305.63پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
کاروبار کے حجم میں 0.17 فیصد کی بہتری دیکھی گئی۔ آخری روز 5 کروڑ 52 لاکھ 83 ہزار 679 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 8 ارب روپے کے قریب فائدہ ہوا۔