لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی ، رٹ آف اسٹیٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
تحریک لبیک کے سربراہ علامہ سعد رضوی کی گرفتاری کے خلاف بڑھتے ہوئے احتجاج کو روکنے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس اور انتظامیہ کو قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیر قانون، چیف سیکرٹری اور آئی جی نے ملاقات کرکے امن و عامہ کی صورتحال بارے تفصیلی بریفنگ دی۔عثمان بزدار نے ٹریفک بحال کرنے پر انتظامیہ کی حوصلہ افزائی کی اور مظاہروں کے دوران زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کی فرض شناسی کو سراہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی معمولات زندگی کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال کی ذاتی طور پر رات بھر سے مانیٹرنگ کررہا ہوں اور احکامات جاری کر رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ راستے بند ہونے سے عوام خصوصاً بوڑھوں، بیماروں اور خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، میں ذاتی طور پر عوام سے معذرت خواہ ہوں، عوام کو پریشان نہیں دیکھ سکتا، راستے بند کرنا قابل مذمت اقدام ہے۔