راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم دہشتگردی اورانتہا پسندی کے خلاف متحد ہے۔ دنیا پاکستان کی فروغ امن کیلئے کوششوں کو تسلیم کرے۔ دنیا مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا مہمان خصوصی تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پی ایم اے کاکول پہنچنے پر کمانڈنٹ میجر جنرل عمر بخاری نے جنرل ندیم رضا کا پرتپاک استقبال کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاس آؤٹ ہونے والی لیڈی کیڈٹس میں 2 سری لنکن کیڈٹس شامل ہیں، دونوں سری لنکن کیڈٹس پی ایم اے سے پاس آؤٹ ہونیوالی پہلی کیڈٹس ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضانے نمایاں کارکردگی والے کیڈٹس میں اعزازات، ایوارڈزتقسیم کئے۔ پاس آؤٹ ہونے والوں میں سری لنکا، عراق، مالدیپ، نیپال کے کیڈٹس شامل تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کے 18 کیڈٹس بھی شامل ہیں جبکہ پاس آؤٹ ہونے والوں میں بلوچستان کے 60 کیڈٹس بھی شامل ہیں۔
تقریب کے دوران انہوں نے کہا کہ پاس آؤٹ کیڈٹس در پیش چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے خود کو تیار رکھیں، پوری قوم کو مسلح افواج سے توقعات وابستہ ہیں۔
تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم دہشتگردی اورانتہاپسندی کے خلاف متحد ہے۔ پاکستان فروغ امن کیلئے کوشاں ہے۔ خطے میں امن واستحکام کیلئے کردار ادا کرتے رہے ہیں۔