اسلام آباد: روس کے وزیرِ خارجہ سرگئی لاروف 2 روزہ دورے کیلئے آج پاکستان پہنچیں گے جہاں پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوں گی۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی اور روسی ہم منصب کی ملاقات کے دوران افغان امن عمل اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ پاک روس تعلقات پر بھی سیرحاصل گفتگو ہوگی۔
پاکستانی اور روسی وزرائے خارجہ کی ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین اقتصادی تعاون، انسدادِ دہشت گردی اور کورونا وائرس کے خلاف سماجی و اقتصادی تعاون پر تبادلۂ خیال ہوگا۔
سن 2012ء کے بعد سے روسی وزیرِ خارجہ کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے مابین وفود کی سطح پر بھی گفتگو ہوگی۔ روسی وزیرِ خارجہ وزیرِ اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے علاوہ روسی وزیرِ خارجہ دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ روسی وزیرِ خارجہ کا دورہ دونوں اقوام کے مابین معمول کے دوروں کا حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: روسی وزیرِ خارجہ کا دورۂ پاکستان، وزارتِ خارجہ کا اہم اعلان