سنچورین: پاکستان نے پہلے ون ڈے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
سنچورین میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 273رنز بنائے اور اس طرح پاکستان کو جیت کے لئے 274رنز کا ہدف دیا تھا ۔
پاکستان نے پہلے معرکے میں جنوبی افریقہ کو شکست دے دی۔ 274 کے تعاقب میں بابراعظم اور امام الحق کے درمیان 177 کی زبردست شراکت داری قائم ہوئی۔ کپتان بابر اعظم نے سنچری اسکور کی ، ان کی سنچری میں 17 چوکے شامل تھے۔ محمدرضوانہ کی ذمہ دارانہ بیٹنگ اور شاداب خان کے قیمتی 33 رنز نے ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔
پاکستان کی جانب سے بلے باز دانش عزیز نے ڈیبیو کیا۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ وکٹ پر نمی کے سبب پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے 4 اور تیسرا میچ 7 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز بھی کھیلے گی۔
آج کھیلے گئے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی ۔ کپتان بابراعظم، آصف علی، دانش عزیز، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، محمد حسنین، وکٹ کیپر محمد رضوان، شاداب خان، شاھین شاہ آفریدی۔
جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کپتان ٹیمبا باووما، وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک، ہینرچ کلاسین، ايڈن مارکرم، ڈیوڈ ملر، اینڈیل فیلکوایو، کاگيسو ربادا، تبریز شمسی، ریسی ڈوسن، لُنگی این گيڈی اور اینرچ نورتی پر مشتمل تھی۔