وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت کاروباری مراکز بند کرنے کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے جس کیلئے شہری انتظامیہ نے نیا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے مارکیٹس اور کاروباری مراکز ہفتے کے مختلف دنوں میں بند کرنے کا فیصلہ کر لیا، جمعہ اور ہفتہ کو جی 9، جی 13، ستارہ مارکیٹ، جی 15 اور جی 10 میں مارکیٹس بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
جمعہ اور ہفتہ کو فرنیچر مارکیٹ، گولڑہ روڈ، بارہ کہو، ڈی ایچ اے، پی ڈبلیو، پاکستان ٹاؤن، جی 11، آب پارہ مارکیٹ، آئی 10 میں بھی مارکیٹس بند رہیں گی جبکہ سفا مال، سینٹورس مال، گیگا مال اور آمیزون مال جمعرات اور جمعہ کو بند رہیں گی۔
بلیو ایریا، ایف 10، میلوڈی مارکیٹ، ای 11، ایف 8، آئی 8، ایف 11، ایف 6 اور ایف7 میں ہفتہ اور اتوار کو کاروباری مراکز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ہفتہ اور اتوار کو پورے اسلام آباد کی مارکیٹس بند کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم شیڈول آج تبدیل کردیا گیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی دارالحکومت اور صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں آج سے شادی بیاہ کی تقریبات پر پابندی عائد کردی گئی۔9 اضلاع میں ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی۔
پنجاب کے 9 اضلاع میں آج سے شادی کی تقریبات پر مکمل پابندی عائد کردی گئی۔ جن اضلاع پر پابندی آج سے نافذ کی گئی ہے، ان میں لاہور، ملتان، راولپنڈی، فیصل آباد، گجرات اور سرگودھا شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: ملک کے مختلف شہروں میں شادی بیاہ کی تقریبات پر پابندی، ٹرانسپورٹ بند