کراچی :شہر قائد میں گیس لوڈشیڈنگ کے بعد ایس ایس جی سی کا مالی فراڈ بھی سامنے آگیا، گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل زائد بلنگ کا سلسلہ جاری، اربوں کے گھپلے، ماہانہ بلوں میں اوسط 3 سے 4سوروپے تک اضافی وصول کئے جانے لگے۔
ذرائع کے مطابق ایس ایس جی سی کی جانب سے کئی ماہ سے اپنے صارفین کو (اسٹیکی سلو میٹر )اور ( پی یو جی ) کے نام پر اربوں روپے کا چونا لگا یاجارہا ہے ۔صارفین سے اسٹیکی سلومیٹر کے نام پر تاحال اضافی پیسوں کی وصولی کی جارہی ہے۔
گیس استعمال کرنے والوں کو اسٹیکی سلو میٹر کے بل ارسال کئے جارہے ہیں جبکہ پی یو جی کی مد میں اس صارف کو اضافی بل بھیجا جاتا ہے جس کا میٹر استعمال سے کم گیس ظاہر کرتا ہے جبکہ پی یو جی کا اطلاق میٹر تبدیل کرنے کے بعد پرانے میٹر کا لیبارٹری میں تجزیہ کرنے کے بعد کیا جاتا ہے تاہم اسٹیکی سلو میٹر اور پی یو جی کے نام پر ہر بل میں تین سو سے چار سو روپے اضافی شامل کیے جارہے ہیں۔
آئی ٹی سسٹم میں فالٹ کا بہانہ بنا کر اضافی رقم کئی ماہ سے صارفین سے وصول کی جارہی ہے۔ کچھ صارفین سے تو پی یو جی اور اسٹیکی میٹر کے نام پر دونوں وصولیاں کی جارہی ہیں ،خسارے میں جانے والے ادارے نے غریب عوام کی جیبوں پر کروڑوں روپے کا ڈاکہ ڈالنا شروع کر دیا ،شہریوں نے نیب اور ایف آئی اے سے فوری طور پر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہر کے تمام کمپلین سینٹر زپر یومیہ سیکڑوں لوگ اپنے اسٹیکی میٹر کی شکایت لے کر پہنچ رہے ہیں۔ چند صارفین کے بل میں تو اسٹیکی سلو میٹر کی شکایت پر رقم ختم کر دی جاتی ہے تاہم متعدد صارفین نے ایم ایم نیوز ٹی وی کو بتایا ہے کہ جب وہ اپنا بل کمپلین سینٹر لے کر پہنچے اور مذکورہ غیر قانونی اضافی بل کی شکایت کی تو کہا جاتا ہے کہ یہ بل بھر دیں آئندہ اسے منہا کر کے اگلے ماہ بل دیا جائے گا تاہم ایسا نہیں ہوتا۔