اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافہ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) نے عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں چار دیواری اور کھلی فضا میں منعقد ہونے والی شادی اور دیگر تقریبات پر فوری طور پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آج ہونے والے اجلاس میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جن علاقوں میں کورونا زیادہ پھیل رہا ہے ان علاقوں میں 29 مارچ سے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق این سی او سی صوبائی حکومتوں کو کورونا پھیلاؤ کے ہاٹ اسپاٹ کے نقشے فراہم کرے گی، تاہم صوبے اس سے پہلے بھی حالات کو دیکھتے ہوئے پابندی لگا سکتے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) کے اعلامیے کے مطابق سماجی ، ثقافتی ، سیاسی، اور جلوسوں سمیت تمام تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی، 5 اپریل سے ملک بھر میں چار دیواری اور کھلی فضا میں بھی منعقد ہونے والی شادی کی تقاریب پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ عائد کی گئی پابندیاں فوری طور پر نافذالعمل کی گئی ہیں۔
این سی او سی کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کم کرنے کے آپشن کا بھی جائزہ لیا گیا، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ سے متعلق حتمی فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائےگا، جبکہ تمام زمینی، فضائی اور ریلوے کا ڈیٹا دیکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایکشن، متعدد دکانیں سیل،درجنوں شہری گرفتار