پاکستان پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی ناکامی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کیا گیا تھا جن کی جانب سے فاروق ایچ نائیک نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے دوران یوسف گیلانی کے حق میں ڈالے گئے 7 ووٹوں کو غیر قانونی طریقے سے مسترد کیا گیا۔
وکیل فاروق ایچ نائیک نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے استدعا کی کہ مسترد کیے گئے ووٹوں کو درست مانا جائے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا انتخاب غیر قانونی طور پر عمل میں لایا گیا، مسترد شدہ ووٹ منظور کرکے یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینیٹ بنایا جائے۔
قبل ازیں پی ڈی ایم امیدوار اور پی پی پی رہنما یوسف رضا گیلانی 7 ووٹ مسترد ہونے کے باعث چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں صادق سنجرانی سے شکست کھا گئے۔ پریزائڈنگ افسر مظفر علی شاہ نے صادق سنجرانی کو کامیاب قرار دے دیا۔
بعد ازاں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں بھی اپوزیشن کے امیدوار مولانا غفور حیدری مرزا آفریدی سے ہار گئے جو نئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بن گئے۔پی پی پی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں یوسف رضا گیلانی کی ناکامی کو چیلنج کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رئیرایڈمرل اویس بلگرامی نے کمانڈر کراچی کا عہدہ سنبھال لیا