اسلام آباد: وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہوئے، اللہ تعالیٰ نے وزیرِ اعظم عمران خان کو سرخرو کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی کو گزشتہ روز کے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جمہوریت فتح یاب ہوئی ہے۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے دوران ہارس ٹریڈنگ اور خریدوفروخت کرنے والوں کو شکستِ فاش ہوئی۔ اللہ تعالیٰ نے وزیرِ اعظم کو کامیاب کیا۔ پی ڈی ایم کے ہتھکنڈے ناکام ثابت ہوئے۔ اس تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔
حکومتی اتحاد اور پی ٹی آئی کی کامیابی پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو تہنیتی پیغامات ارسال کیے جارہے ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھی چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کو مبارکباد پیش کی۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مرزا محمد آفریدی کی بطور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کامیابی وزیرِ اعظم عمران خان پر اراکینِ سینیٹ کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ دونوں عہدوں کیلئے سینیٹ الیکشن نے پی ڈی ایم کو مسترد کردیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل حکومتی امیدوار مرزا محمد خان آفریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہو گئے ، جبکہ ان کے مدمقابل پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار مولانا عبدالغفور حیدری شکست کھا گئے۔
حکومت نے گزشتہ روز ایک اور میدان سر کرلیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حکومتی امیدوار مرزا محمد خان آفریدی نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار کو شکست دے دی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں ایوان میں موجود 98 سینیٹرز نے ووٹ کاسٹ کیے۔
مزید پڑھیں: حکومت کی کامیابی، مرزا محمد خان آفریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب