اسلام آباد: پولیس نے پمز ہسپتال میں مریضوں کے ساتھ آنے والے افراد کو خنجر دِکھا کر لوٹنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ کراچی کمپنی پولیس نے مخبر کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پمز ہسپتال میں مریضوں کے ساتھ آنے والے افراد کو رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر خنجر کی نوک پر لوٹنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
شفاقت نامی ملزم نے تفتیش کے دوران متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ دورانِ تفتیش عوام سے لوٹی ہوئی رقم اور چھینے گئے موبائل فونز بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔
گرفتار ملزم کے خلاف پہلے سے درج شدہ مقدمے میں تفتیش شروع کی گئی۔ یہ کارروائی ڈی ایس پی مارگلہ ملک عابد اکرام کی زیرِ نگرانی ایس ایچ او کراچی کمپنی بلال احمد اور ٹیم نے کی۔ ملزم سے تفتیش میں مزید انکشافات کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس کو شواہد ملے نہ گواہ، عزیر بلوچ ایک اور مقدمہ میں بری