پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے ڈاکٹروں کے ساتھ مزید تعاون نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے الزام لگایا ہے کہ ڈاکٹروں کو حزب اختلاف کی حمایت حاصل ہے۔انہیں مزید کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اگر ڈاکٹرز نے ملازمت کرنی ہے تو کام پر آئیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے بیان دیا کہ ڈاکٹروں کو غریب عوام کی نہیں بلکہ اپنی فکر لگی ہوئی ہے اگر ان کا اتنا ہی دل دکھتا ہے تو کبھی فیس میں سو روپے کم کر لیا کریں۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ جب ڈاکٹر کوہستان اور دیر جیسے علاقوں میں نہیں جائیں گے تو کیا ہم وہاں امریکہ سے ڈاکٹر بجھوائیں گے؟انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسپتالوں کی نجکاری سے متعلق ڈاکٹروں کا دعویٰ غلط ہے، ڈی ایچ اے اور آر ایچ اے قوانین اسپتالوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے ہے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا اگر کوئی کہہ دے کہ موجودہ نظام بہتر ہے تو ہم صحت اصلاحات سے دستبردار ہوجائیں گے، رواں سال دسمبر تک صوبے میں تمام افراد کو صحت انصاف کارڈ مل جائے گا پھر اصلاحات سے نقصان کیسا؟۔