ممبئی: بالی ووڈ اداکار سنجے دت (منا بھائی) نے اپنی اہلیہ منایا دت کو 100 کروڑ کے 4 فلیٹس تحفے میں دیکر سب کو حیران کردیا تاہم ان کی اہلیہ نے فلیٹس لینے سے منع کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سنجے دت نے ممبئی میں اپنی اہلیہ منایا دت کو 100 کروڑ کے 4 فلیٹس تحفے میں دیئے تھے، تاہم سنجو بابا کی اہلیہ منایا نے تمام فلیٹس لینے سے انکار کردیا۔
واضح رہے کہ سنجے دت کی جانب سے تحفہ میں دیے گئے 2 فلیٹس تیسرے اور چوتھے فلور پر ہیں جب کہ باقی 2 فلیٹس پینٹ ہاؤس کی صورت میں 11 ویں اور 12 ویں فلور پر ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے دت نے اہلیہ منایا دت کو فلیٹس کا تحفہ گزشتہ سال 23 دسمبر کو دیا تھا جب کہ اہلیہ نے تمام فلیٹس 29 دسمبر کو ہی واپس کردیے۔ رپورٹس کے مطابق حکومت کی جانب سے مقرر کردہ فلیٹس کی قیمت 26 کروڑ ہے تاہم اسٹیٹ ایجنٹ کا کہنا ہے کہ اس کی قیمت 100 کروڑ سے زائد ہے۔
یاد رہے کہ سنجے دت کی اہلیہ منایا دت کا تعلق مسلم گھرانے سے ہے اور ان کا اصل نام دلنواز شیخ ہے،تاہم فلم کی دنیا میں انہوں نے اپنا نام منایا دت رکھا جب کہ سے 13 سال قبل 2008 میں گوا میں سنجے دت سے شادی کی تھی اور ان کے 2 بچے ہیں جن کا نام شاہران اور اقرا ہے اور سنجے دت نے حال ہی میں کینسر کو شکست دی ہے۔