لاہور: جماعت اسلامی کے سینئر رہنما حافظ سلمان بٹ قضائے الہیٰ سے انتقال کرگئے۔ حافظ سلمان بٹ کی نماز جنازہ بعداز نماز جمعہ دو بجے منصورہ میں ادا کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق حافظ سلمان بٹ کو گزشتہ روز دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد ان کو لاہور کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل کراگیا تھا۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے حافظ سلمان بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی ہے۔
حافظ سلمان بٹ کے انتقال کی اطلاع جماعت اسلامی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات قیصر شریف نے دی۔ حافظ سلمان بٹ طویل عرصے سے شوگر کے مرض میں بھی مبتلا تھے۔ حافظ سلمان بٹ بیماری کے باوجود ایک محترک سیاسی رہنما کے طور پر نمایاں رہے۔حافظ سلمان بٹ قومی اسمبلی کے ممبر رہے۔ریلوے پریم یونین کے عرصہ دراز تک صدر رہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق حافظ سلمان بٹ کی نماز جنازہ بعداز نماز جمعہ دو بجے منصورہ میں ادا کی جائے گی۔جنازہ 700عمربلاک علامہ اقبال ٹاؤن سے اٹھایا جائے گا۔مرحوم حافظ سلمان بٹ نے 65سال عمر پائی۔