کراچی پولیس نے وائٹ کرولا کار گینگ کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 7 ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع ایسٹ نے پولیس مقابلہ کرکے وائٹ کرولا کار گینگ کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کی جس کے دوران 4 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 7 ملزمان حراست میں لے لیے گئے۔
شہرِ قائد کے علاقے کے ڈی اے 1 حبیب اللہ روڈ پر ماڈل تھانہ فیروز آباد کی حدود میں پولیس اور وائٹ کرولا گینگ کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ملزمان سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔ کرولا کر اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کو ملنگ علی نامی شہری نے 15 پر اطلاع دی تھی جس پر سخت ناکہ بندی کی گئی۔ شہری نے مشکوک کار کے علاقے میں گھومنے کی اطلاع دی۔ جب ملزمان کو روکا گیا تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 ملزمان کو گولیاں لگیں جو زخمی ہو گئے۔ ملزمان کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے 1 کلاشنکوف، 6 پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ موٹر سائیکل نمبر بی ایم اے 450 بھی برآمد ہوئی۔
مقامی پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان میں افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ ملزمان کے نام عزیز، عبداللہ، نور، جاوید، صادق، شاہد اور رشید ہیں۔ عزیز، عبداللہ، نور اور جاوید نامی ملزمان پولیس مقابلے میں زخمی ہو گئے تھے۔ ملزمان کے خلاف مزید تفتیش میں اہم انکشافات متوقع ہیں۔