پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا میں یونیورسٹیز شدید مالی بحران کا شکار ہیں جس سے نکلنے کیلئے جامعات کے نئے ملازمین کی پنشن کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کے پی کے میں تمام یونیورسٹیاں شدید مالی بحران کی لپیٹ میں ہیں۔ خسارے سے نکالنے کیلئے نئے ملازمین کیلئے پنشن کی سہولت ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
محکمۂ ہائر ایجوکیشن (ایچ ای سی) نے خیبر پختونخوا کی تمام یونیورسٹیز کو نیا ہدایت نامہ ارسال کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کی تمام جامعات اپنے نئے ملازمین کیلئے پنشن کی سہولت ختم کردیں۔
قبل ازیں کورونا وائرس کے باعث ملک بھر کے تعلیمی ادارے، جامعات، کالجز، اسکولز اور انسٹیٹیوشنز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے باعث یونیورسٹیوں کو اپنے مالی اخراجات پورے کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل جامشورو میں طبی تعلیم متاثر ہونے لگی، کورونا کیسز کے باعث لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کو بند کردیا گیا۔
کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران سندھ بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو میں گزشتہ برس نومبر کے دوران 200 سے زائد عملے کے کورونا ٹیسٹ کرائے گئے۔
مزید پڑھیں: طبی تعلیم متاثر، کورونا کیسز کے باعث لیاقت میڈیکل یونیورسٹی بند