کوئٹہ / کراچی: پاکستان کوسٹ گارڈز نے مختلف کارروائیوں کے دوران سندھ اور بلوچستان سے کروڑوں کی منشیات برآمد کر لیں جبکہ 10 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے پاکستان کوسٹ گارڈز نے غیر قانونی کاروبار اور اسمگلنگ کے خلاف کی گئی کارروائیوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ پہلی کارروائی ناکہ کھاری چیک پوسٹ وندر پر کوئٹہ سے کراچی آنے والی مسافر کوچ میں کی گئی جہاں سیٹ کے نیچے رکھی گئی 7 اعشاریہ 20 کلو گرام اعلیٰ معیار کی چرس برآمد ہوئی۔
دوسری کارروائی کے دوران پاکستان کوسٹ گارڈز نے ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر مختلف گاڑیوں کی تلاشی لی جس کے نتیجے میں 4 ہزار 35 کلو گرام غیر ملکی کپڑا، 372 اسٹیک غیر ملکی سگریٹ، 128 پیکٹ بھارتی گٹکا اور متفرق اشیاء برآمد کی گئیں۔
تیسری کارروائی میں ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر ٹرک سے 1 ہزار 70 کلو گرام چھالیہ اور 128 پیکٹ گٹکا برآمد ہوا جبکہ 1 شخص کو گرفتار کیا گیا جبکہ چوتھی کارروائی سپر ہائی وے کراچی پر عمل میں لائی گئی۔
چیکنگ کے دوران 1 ٹرک سے پاکستان کوسٹ گارڈز نے 7 ہزار 574 کلو گرام چھالیہ برآمد کی جس پر 2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پانچویں کارروائی میں موبائل گشت کے دوران جیوانی کے قریب 7 ٹویوٹا ہائی لکس سے 13 ہزار 900 لٹر ایرانی ڈیزل برآمد ہوا جس پر 7 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
کوسٹ گارڈز نے اسمگل کی جانے والی تمام منشیات، چھالیہ، ایرانی ڈیزل، 2 ٹرک، 7 ٹویوٹا ہائی لکس، متفرق اشیاء اور 10 افراد کو تحویل میں لے لیا جن کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ برآمد کی گئی اشیاء کی مالیت کروڑوں روپے کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کوسٹ گارڈز کی کارروائی، 43 کروڑ کی غیر قانونی اشیاء برآمد