لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی تقریبات آج سے شروع ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو آج سے 93 سال قبل 5 جنوری 1928ء کو پیدا ہوئے تھے، قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی تقریبات کی ابتداءآج ہوگی۔
پیپلز پارٹی پنجاب کے سینئر نائب صدر چودھری اسلم گل نے سالگرہ کی مرکزی تقریب کا اہتمام کیا ہے جو آج 11 بجے دن کے وقت شروع ہوگی جس میں صوبہ پنجاب کی پیپلز پارٹی قیادت اور جیالے بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔
خیال رہے کہ دُنیائے سیاست میں ذوالفقار علی بھٹو کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں، آج تاریخ ساز اور پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی قائد ذوالفقار علی بھٹو کا 93واں یومِ پیدائش ملک بھر میں منایا جارہا ہے۔
پیپلز پارٹی کے بانی و قائد ذوالفقار علی بھٹو 5 جنوری 1928ء کو پیدا ہوئے۔ انتہائی زیرک سیاستدان، وسیع المطالعہ شخصیت اور اعلیٰ تعلیم یافتہ پس منظر کے ساتھ ذوالفقار علی بھٹو کا شمار ملکی تاریخ کے اہم ترین سیاستدانوں میں کیا جاتا ہے۔
ملک کی بنیاد رکھنے والی مسلم لیگ کے بعد ملک کی سب سے پہلی قابلِ ذکر سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کی سیاسی و حقیقی بنیاد رکھنے والے ذوالفقار علی بھٹو کی ذات تنازعات کا موضوع بھی بنی، تاہم ان کے احسانات بھی آج تک پوری قوم کو یاد ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ذوالفقار علی بھٹو سے منسوب جمہوریت کی تاریخ اور آج کا یومِ سیاہ