سینتیاگو: پوری دنیا اس وقت کورونا وائرس کی زد میں ہے، ایسے میں چلی کے ائیرپورٹ پر مسافروں میں کورونا وائرس کی موجودگی کا پتا چلانے کے لیے کتوں کو تعینات کردیا گیاہے۔
چلی کی حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ سینتیاگو ائیرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں میں کورونا وائرس کی موجودگی کا پتہلگانیکے لیے کتوں ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔
ائیرپورٹ پر آنے والے مسافروں کی گردن اور کلائی سے کپڑے کو پونچھ کر ایک ڈبے میں ڈال دیا جائے گا اور پھر اس ڈبے کو کتوں کے آگے رکھا جائے گا تاکہ وہ مسافروں میں کورونا کی موجودگی کا پتا چلا سکیں۔
حال ہی میں ہونے والی تحقیق کے مطابق سونگھنے کی حیرت انگیز صلاحیت کے باعث کتوں نے 85 سے 100 فیصد تک درست کارکردگی دکھائی اور وائرس سے متاثرہ افراد کو پہچان لیا۔
واضح رہے کہ کتوں کی مدد سے دھماکا خیز مواد اور حساس مقامات، بالخصوص ہوائی اڈوں پر منشیات کا پتا لگانا معمولی بات ہے تاہم کتوں میں سونگھنے کی غیرمعمولی صلاحیت کے باعث کتوں کو کینسر اور ملیریا سمیت کئی بیماریوں کو بھی صرف سونگھ کر شناخت کرنے کی تربیت دی جاچکی ہے۔جو حیران کن ہے۔