برسلز: عالمی فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) نے ایک وائٹ پیپر ریلیز کیا ہے جس میں پاکستان اور بھارت سمیت دنیا کے 5 ایسے ممالک کی فہرست شائع کی گئی ہے جو صحافیوں کیلئے خطرناک ترین قرار دئیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 1990ء میں شائع کی گئی قتل کردہ صحافیوں کی لسٹ کی 30ویں سالگرہ کے موقعے پر شائع کردہ وائٹ پیپر میں بتایا گیا ہے کہ 30 سال کے دوران 2 ہزار 658 صحافی اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران زندگی کی بازی ہار گئے۔
سب سے پہلے نمبر پر صحافیوں کے لیے خطرناک ترین ملک عراق کو قرار دیا گیا ہے جہاں 339 صحافی جاں بحق ہوئے، جس کے بعد میکسیکو (178 صحافی)، فلپائن (178) ، پاکستان )138 اور بھارت (116) شامل ہیں۔
اس کے بعد روس میں110، الجیریا میں 106، شام میں 96، صومالیہ میں 93 جبکہ افغانستان میں 93 صحافیوں کی جان لے لی گئی۔ رواں برس آئی ایف جے نے 42 صحافیوں اور میڈیا اسٹاف کی اموات ریکارڈ کی ہیں۔
بم دھماکوں اور مقابلوں کے دوران 15 ممالک میں 42 میڈیا نمائندگان مارے گئے جبکہ 235 افراد کو میڈیا یا صحافت سے متعلق کام کی بنیاد پر مقدمات میں قید کی سزا دے دی گئی۔عالمی تنظیم کے مطابق ایسے قوانین اور اقدامات ناانصافی پر مبنی ہیں جن میں آزادئ اظہارِ رائے پر قدغن لگائی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں 2 ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں معروف صحافی قیس جاوید جاں بحق ہو گئے تھے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مدینہ کالونی میں 4 روز قبل موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان اسلحہ لے کر گھر میں گھسے اور مقامی صحافی قیس جاوید پر فائرنگ کی۔
مزید پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان میں 2 ملزمان کی فائرنگ، صحافی قیس جاوید جاں بحق