اسلام آباد: پاکستان بھر میں جمہوریت کے استحکام کیلئے قومی ووٹرز ڈے آج منایا جارہا ہے جس کا مقصد جمہوری روایات کے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ووٹرز ڈے 7 دسمبر 1970ء کو پاکستان بھر میں منعقد ہونے والے پہلے عام انتخابات کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کے بعد پاکستان آمریت کے نرغے سے نکل کر جمہوریت کے نئے دور میں داخل ہوا۔
وطنِ عزیز پاکستان کی تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ ملک پر کم و بیش 35 برس تک فوجی حکومت اور مارشل لاء نافذ رہا جس کے دوران انسانی حقوق بالخصوص حقِ رائے دہی اور آزادئ اظہارِ رائے کے حقوق متاثر ہوئے۔
آج قیامِ پاکستان کو 73 برس مکمل ہونے کے بعد اگر جمہوریت کے مختلف ادوار کا جائزہ لیا جائے تو یہ کم و بیش 38 برس بنتے ہیں جس کے دوران جمہوری ادارے پنپ نہ سکے اور ملک میں جمہوری روایات کو زیادہ فروغ حاصل نہ ہوسکا۔
حزبِ اختلاف کی سیاسی پارٹیاں بالخصوص پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اتحاد موجودہ سیاسی قیادت پر بھی آمریت کا الزام عائد کرتا نظر آتا ہے جبکہ جمہوریت کا قومی دن کسی بھی منتخب سیاسی حکومت کا احترام کرنے کا درس دیتا ہے۔
جمہوریت کے نظام میں عوام کو دیا جانے والا ووٹ کا حق سب سے اہم سمجھا جاتا ہے جس کے ذریعے عوام اپنے نمائندوں کو منتخب کر کے اقتدار کے ایوانوں میں بھیجتے ہیں جہاں ملک کے صدر اور وزیرِ اعظم کا انتخاب عمل میں لایا جاتا ہے۔
عوام کو اقتدار میں حقیقی اقتدار میں شریک کرنے کا خواب جمہوری روایات کی صورت میں کسی نہ کسی حد تک ضرور پورا ہوتا ہے، حالانکہ خود نظامِ جمہوریت میں بھی خرابیاں موجود ہیں جن پر دنیا کے مختلف جمہوری ممالک میں آج بھی کام جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جمہوریت کے خلاف سازشوں کوبے نقاب کریں گے، بلاول بھٹو