کراچی: بنگلے میں اہلِ خانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کرنے والے ڈکیت گینگ کے 2 ممبر ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بنگلے پر ڈکیتی کرنے والے ڈکیت گروہ کے 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ شہزاد اور شہروز نامی یہ دونوں ملزمان سگے بھائی نکلے جو ڈکیتیوں میں ملوث ہیں۔
گرفتار کیے گئے ملزمان نے رواں برس 3 فروری کے روز کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں صبا اور خرم نامی ملزمان کی مدد سے بنگلے میں داخل ہو کر تمام گھر والوں کو یرغمال بنا لیا اور خوب لوٹ مار کی۔
پولیس نے تفتیش کرکے ملزمان کو گرفتار کیا جس کے بعد ان کے قبضے سے لوٹا گیا چوری کا سامان اور غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔ بلوچ کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان پہلے بھی ڈکیتیاں کرتے رہے ہیں۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پولیس مقابلہ بھی کیا اور گرفتار ہو کر جیل بھی گئے، ملزمان نے محمود آباد، ٹیپو سلطان، نیو کراچی، انڈسٹریل ایریا اور نیو ٹاؤن کے علاقوں میں ڈکیتیوں کا اعتراف کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: سیکڑوں اشتہاری ملزمان سیکیورٹی گارڈ کی ڈیوٹی کرنے لگے