کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ادارۂ ترقیات کراچی کی رِٹ چیلنج ہو گئی، لینڈ مافیا گھروں پر قبضوں کے ساتھ ساتھ انسدادِ تجاوزات مہم کی طرح 1 گھر کو منہدم کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاون میں کے ڈی اے کی رٹ ختم ہونے لگی، سرجانی پروجیکٹ کے ایکسیئن اور ماتحت عملے کی سرپرستی کے باعث لینڈ مافیا نے بنے بنائے گھروں پر قبضوں کے ساتھ انہدامی کارروائی بھی ایسے شروع کردی ہے جیسے انسدادِ تجاوزات کا سرکاری محکمہ کرتا ہے۔
عدالتی احکامات کے باوجود کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 6سی میں مکان نمبر 206 پر ہونے والے واقعے کو غلط رنگ دیا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے والی صارف خاتون نے دراصل لینڈ مافیا کے ساتھ مل کر اطہر علی نامی شخص کے مکان پر قبضہ کروایا تھا۔
سرجانی ٹاؤن سیکٹر 6 سی میں مکان نمبر 206 پر قبضہ کرنے والی خاتون کو لینڈ مافیا نےمبینہ طور پر 50 ہزار روپے دے کر مکان پر قبضہ کیا اور لینڈ مافیا کےکچھ لوگوں نے مکان مالک اطہر علی کو دھمکیاں دینے کے ساتھ ساتھ جان سے مارنے کے لیے حملہ بھی کیا اور کہا کہ یہ مکان چھوڑ دو، ورنہ اسے منہدم کروا دیں گے۔
جب مکان مالک اطہر علی نے عدالت سے رجوع کر کے 22اے کے احکامات حاصل کیے تو لینڈ مافیا کے کارندوں نے اطہر علی کے مکان کو توڑ دیا اور اسی خاتون کا جھوٹا ویڈیو بیان لے کر مکان مالک اطہر علی کی کردار کشی کرنے کی بھی کوشش کی اور جھوٹی درخواستیں بھی دیں۔
قبضہ مافیا کے بارے میں ذرائع سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ قبضہ کرنے میں لینڈ مافیا کو تھانہ سرجانی کے ایس ایچ اوکی سرپرستی حاصل تھی۔ کئی گھنٹے جاری رہنے والی انہدامی کارروائی میں پولیس نے مجرمانہ خاموشی اختیار کیے رکھی جس سےبا آسانی لینڈ مافیا کے کارندوں نے مکان منہدم کر کےکے ڈی اے کی رِٹ چیلنج کردی۔
متاثرہ خاندان نے ڈی جی، ادارۂ ترقیات کراچی ، اور اعلیٰ افسران سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر ایکشن لیں اور متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائےتاکہ سرکاری رٹ قائم کی جا سکےاور لینڈ مافیا کا راستہ روکا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: کے ڈی اے میں تنخواہوں سے محروم ورک چارج ملازمین کا احتجاج