لاہور: سی ای او پاکستان کرکٹ بورڈ محمد وسیم خان نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اپنا سارا کام پاکستان کیلئے کرتا ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ پی ایس ایل فرنچائز مالکان سے ہمارے معاملات درست نہیں ہیں۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل فائیو ختم ہوگیا جس کے بعد ہم پی ایس ایل 6 کی تیاری کر رہے ہیں۔ اکتوبر میں مختصر فارمیٹ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم 2 میچز کھیلے گی، کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد وقت کی ضرورت ہے۔
وسیم خان نے کہا کہ اگر کورونا وائرس پر صورتحال بہتری کی طرف گامزن نظر آئی تو توقع کی جاسکتی ہے کہ شائقین کو بھی اسٹیڈیم میں بیٹھ کر کرکٹ براہِ راست دیکھنے کا موقع دستیاب ہو، جبکہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی اعتماد سازی پر کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری 5 سالہ منصوبہ بندی یہ ہے کہ ہم کارکردگی پر توجہ مرکوز کریں، کارکردگی ہی سوچ کی تبدیلی کا باعث بنتی ہے، پاکستان سپر لیگ کو ہم پاکستان میں لے کر آئے۔ ملک کی بہتری کیلئے کام جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ نے دورۂ پاکستان کی تصدیق کردی۔پی سی بی کا اعلان